منگلورو29؍نومبر (ایس او نیوز)منگلورو اور ضلع جنوبی کینرا کے مختلف شہروں میں بڑی مقدار میں گانجہ سپلائی کرنے والے ایک اہم ملزم کو پولیس نے 8کلو گرام گانجہ سمیت گرفتار کر لیا ہے۔
موصولہ تفصیل کے مطابق ابراہیم (۳۸سال) نامی شخص کے تعلق سے پولیس کو مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ وہ وشاکھاپٹنم سے بڑی مقدار میں گانجہ لے کر منگلورو آرہا ہے۔سٹی کرائم برانچ نے اس کو گھیرنے کے لئے جال بچھایا اورپمپ ویل سرکل کے پاس اسے اس وقت دبوچ لیا جب وہ تقریباً 2لاکھ روپے مالیت کا 8کلوگرام گانجہ فروخت کرنے جارہا تھا۔اس کے پاس سے موبائیل فون اور نقد رقم بھی ضبط کی گئی ہے۔سی سی بی کے انسپکٹر سنیل نائک اور سب انسپکٹر شیام سندر نے گرفتاری اور ضبطی کی یہ کارروائی انجام دی۔
ابراہیم کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ اس سے پہلے بھی سال 2014میں گانجہ فروشی کے لئے اسے گرفتار کیا گیا تھااور وہ کیس ابھی بھی عدالت میں زیر سماعت ہے۔ وہ عدالت میں حاضر نہیں ہورہا تھا اس لئے اس کے خلاف وارنٹ بھی جاری ہوا تھا۔سی سی بی پولیس نے یہ تازہ معاملہ مزید کارروائی کے لئے کنکن ناڈی پولیس اسٹیشن کے حوالے کیا ہے۔